راولپنڈی ۔14مئی (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لوئر دیرکے علاقے تیمرگرہ کا دورہ کیا اور عید کا دوسرا دن مغربی سرحد پر تعینات جوانوں کے ساتھ گزارا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر انتظامات سے آگاہ کیا گیا اور سرحد کی صورتِ حال پر بریفنگ دی گئی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ دہشت گردوں کو ان علاقوں میں بڑی مشکل سے حاصل کیے گئے امن کو تباہ نہیں کرنے دیں گے ، مقصد کے حصول تک پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر ضروری اقدام کریں گے ۔
آرمی چیف نے آپریشنل تیاریوں اور جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا ، انہوں نے انسدادِ کورونا کے لیے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت دی اور کورونا کے خلاف سول اداروں کی مدد پر فوجی جوانوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے دفاعِ وطن کے لیے قربانیاں دینے والے شہداءکوبھی زبردست خراج تحسین پیش کیا۔