اسلام آباد۔22جون (اے پی پی): پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے اطالوی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس ایڈمرل جوزپ کاوو ڈریگون Giuseppe Cavo Dragone نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور تربیت اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں فوجی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اطالوی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس ایڈمرل جوزپ کاوو ڈریگون نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم باہمی طور پر فائدہ مند کثیر الجہتی تعلقات کو بڑھانے اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر مضبوط دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پر امید ہیں۔
معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کیا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=313852