
راولپنڈی۔ 17 اگست (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مسیحی پیشواﺅںکے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں کارڈینل جوزف اور سرفراز پیٹر سمیت معروف مسیحی پیشواﺅں نے شرکت کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف نے تعلیم، صحت اور قومی ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو سراہا اور کہا کہ کارڈینل جوزف کی تقرری سے قومی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا، قومی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار قابل قدر ہے، تعلیم، صحت اور سماجی خدمات میں مسیح بھائیوں نے بڑھ چڑھ کے حصہ لیا، ملکی دفاع میں اقلیتی بھائی کسی سے پیچھے نہیں رہے، بین المذاہب، ہم آہنگی اور بھائی چارے کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقلیت سے تعلق رکھنے والے کئی لوگوں نے مادروطن کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کیا ۔آرمی چیف نے عیسائی کمیونٹی کے لئے بھرپور احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی کے فروغ دیا جائے ۔