پاک فوج کے سربراہ جنرل کا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ ، مقامی طور پر دفاعی آلات کی تیاری کی کوششوں اور اقدامات کا جائزہ لیا

141
پاک فوج کے سربراہ جنرل کا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ ، مقامی طور پر دفاعی آلات کی تیاری کی کوششوں اور اقدامات کا جائزہ لیا

راولپنڈی۔11اپریل (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے منگل کو ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا(ایچ آئی ٹی) کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے ایچ آئی ٹی کی تکنیکی صلاحیتوں، جاری منصوبوں کی پیشرفت، مقامی طور پر دفاعی آلات کی تیار ی کی کوششوں اور جدید اقدامات کا جائزہ لیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ایچ آئی ٹی کی مختلف فیکٹریوں کا دورہ کیا اور پاک فوج کے لیے ٹینکوں، اے پی سیز، بہتر حفاظتی حل، ریموٹ ویپن سسٹمز اور دیسی ساختہ 155 ایم ایم آرٹلری گن بیرل کی تیاری، دوبارہ تعمیر اور اپ گریڈیشن کا بھی مشاہدہ کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ ایچ آئی ٹی علمی معیشت اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کا مرکز ہے جو دفاعی پیداوار میں خود انحصاری حاصل کرنے اور قومی برآمدات اور معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے ۔ آرمی چیف نے اپنے ادارے کی صلاحیتوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ایچ آئی ٹی کو مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی ضروریات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق پورا کرنے کے لیے جدید دفاعی پیداوار کے ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے افسران اور افرادی قوت کے عزم کو سراہا۔ ایچ آئی ٹی آمد پر چیئرمین ایچ آئی ٹی نے آرمی چیف کا استقبال کیا ۔