پاک فوج کے سربراہ کی یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان کےموقع پر سپاہی عمران شہید کی بیٹی عذرا سے ملاقات

169

راولپنڈی ۔25مئی (اے پی پی): پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان کےموقع پر سپاہی عمران شہید کی بیٹی عذرا سے ملاقات کی ، کچھ دن قبل سپاہی عمران شہید کی بیٹی کے ویڈیو بیان نے پوری قوم کو اشکبار کر دیا۔ سپاہی عمران شہید نے 12 اپریل 2022 میں انگور اڈہ، وزیرستان میں وطنِ عزیز کی خاطر اپنا خون خاکِ ارضِ پاک میں شامل کیا۔ سپاہی عمران شہید کا تعلق ڈیرہ مراد جمالی بلوچستان سے ہے۔ شہید نے ورثا میں بیوہ اور پانچ بچے چھوڑے ہیں ۔

شہید کی بیٹی نے اپنے پیغام میں 9 مئی یومِ سیاہ کے افسوس ناک واقعات کی مذمت کی تھی ۔عسکری زرائع کے مطابق آرمی چیف نے شہید کی بیٹی کو آج جی ایچ کیو کی تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیا ۔آرمی چیف نے انتہائی شفقت اور پیار سے قوم کی بیٹی کو یقین دلایا کہ شہدا کی قربانیوں کو ہر گز فراموش نہیں ہونے دیں گے۔

آرمی چیف نے کہا ہر مشکل میں پاک فوج ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑی رہے گی۔آرمی چیف نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل خاص کر بچے ملک کے مستقبل کا معمار ہیں۔ پاک فوج آنے والی نسلوں کے لئے ملک میں امن و سلامتی کے قیام کی خاطر ہمیشہ اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ آرمی چیف نے معصوم بیٹی سے مزید کہا کہ پوری قوم کو آپ کے بابا سپاہی عمران شہید پر ناز ہے اور ملک و قوم کے تمام تر شہدا ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں۔