اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):پاک فوج کے شہداء کے لواحقین نے عیدالفطر کے تینوں ایام اپنے شہدا کو یاد کرتے ہوئے گزارے۔شہدا کے لواحقین کہنا تھا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے،زندہ قومیں اپنے شہدا کو نہیں بھولتیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے وطن عزیز کے دفاع کو مقدم اور مضبوط رکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ خوش قسمت ہے یہ پاک سر زمین جسے ایسے جی دار بیٹے مِلے جو اس سر زمین کی خاطر رنگ و نسل و مخصوص قومیت سے بالا ہو کر ہمہ وقت تیار اور سربکف رہتے ہیں۔اِس زمین کے کوچے کوچے پر آج بھی شہدائے ارضِ پاک کے وَارثین اِس یقین کے ساتھ زندہ ہیں کہ اُن کے ساتھ پوری قوم موجود ہے۔شہدا ء کے لواحقین کو اس بات پر فخر ہے کہ اُن کے بیٹے شہادت کے عظیم مراتب پر فائز ہوئے۔سلام اُن مائوں، بہنوں، بیویوں اور بیٹیوں پر جنہوں نے اپنے پیارے اس وطن کے تحفظ پر نچھاور کر دئیے۔
پاک فوج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے دفاع اور سالمیت کی جنگ آخری ملک دشمن کے خاتمےتک جاری رہیگا۔قوم اور افواجِ پاکستان نے لازوال قربانیاں دے کر وطنِ عزیز کی سلامتی کو اپنے خون سے سینچا ہے۔شہداء ارضِ پاک کی قربانیاں اور ان کا لہو کبھی رائیگاں نہیں جائیگا۔عید کے اس پر مسرت موقع پر شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنا اور خراجِ تحسین پیش کرنا ہر پاکستانی کا قومی فرض ہے۔جب تک اس پاک سر زمین کے بہادر سپوت موجود ہیں پاکستان پر کوئی آنچ نہیں آسکتی۔