پاک فوج کے 17ویں سربراہ جنرل عاصم منیر منگل کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے ، سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کمانڈ کی چھڑی نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو سونپیں گے

252
ISPR
ISPR

راولپنڈی۔28نومبر (اے پی پی):پاک فوج کے 17ویں سربراہ جنرل عاصم منیر منگل کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے ، نئے آرمی چیف کیلئے کمان کی تبدیلی کی تقریب میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کمانڈ کی چھڑی نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو سونپیں گے۔ جنرل سید عاصم منیر کمان کی تبدیلی کی تقریب میں فور اسٹار جنرل کے شولڈر رینکس اور کالر میڈل لگا کر شرکت کریں گے۔

تقریب میں تمام مسلح افواج کے سربراہان ،اعلیٰ سول، فوجی افسران شریک ہونگے، پروقار تقریب میں وفاقی وزراء، سفارتکار اور صحافی شرکت کریں گے۔ کمانڈ کی چھڑی کو کمانڈ اسٹک بھی کہا جاتا ہے، آرمی کمان کی یہ چھڑی انگریزوں کے دور سے فوجی روایت کا حصہ چلی آ رہی ہے۔

کمانڈ اسٹک 1 اسٹار یعنی بریگیڈیئر کے عہدے کے افسران کو سونپی جاتی ہے، یہ اسٹک افسران کو پرانے افسران کی جانب سے دی جاتی ہے۔ پرانے افسران آنے والے نئے افسر کو یہ چھڑی سونپ کر خود نئی چھڑی تھامے نئے عہدے پر ترقی کر جاتا ہے اور یہ سلسلہ آرمی چیف پر جا کر ختم ہوتا ہے۔