اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ پاکستان اورقازقستان کے درمیان پارلیمانی رابطوں میں اضافہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کرداراداکرسکتاہے،پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژن کذافستان سے ملاقات میں کہی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور اہم عالمی وعلاقائی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
سپیکرنے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے مابین تعلقات مشترکہ مذہب،تاریخ اور ثقافت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پارلیمانی رابطوں میں اضافہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، قومی اسمبلی میں قائم پاک۔ قازقستان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ دوطرفہ پارلیمانی رابطوں کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک میں تجارتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان قازقستان سمیت تمام وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کو گرم پانیوں تک رسائی دینے کے لئے پر عزم ہے،وسطی ایشیائی ریاستوں کو گرم پانیوں تک رسائی کے لئے گوادر قریب ترین بندر گاہ ہے۔
سپیکر نے اسلام آباد میں منعقدہ ایس سی او کانفرنس میں قازقستان کے وزیراعظم اولجاس بیکٹینوف کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی دوروں سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
قازقستانی سفیر نے اس موقع پرکہا کہ قازقستان پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پارلیمانی رابطوں میں اضافے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
سفیر نے ایس سی او کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر سپیکر قومی اسمبلی کو مبارکباد دی اور کہا کہ ایس سی او کانفرنس کے خطے کی ترقی اور خوشحالی پر دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔ قازقستان کے سفیر نے سپیکر قومی اسمبلی کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ قازقستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔