اسلام آباد ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان شیڈول تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم کیریئر کا 400واں میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی گرین شرٹس ٹیسٹ میچز کی چوتھی سنچری مکمل کرنے والی دنیا کی ساتویں ٹیم بن جائے گی، اس سے قبل آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بھارت، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ بھی یہ کارنامہ انجام دے چکی ہیں۔ ٹیسٹ تاریخ میں زیادہ میچز کھیلنے کا عالمی اعزاز انگلینڈ کو حاصل ہے جس نے 976 میچز کھیل رکھے ہیں۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ جمعرات سے شروع ہو گا۔