اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وزیرِ مملکت صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین جینیاتی تحقیق میں اشتراک کے نئے امکانات روشن ہیں ،پاکستان میں جینیاتی تحقیق کی قومی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت ہو رہی ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق وزیرِ مملکت صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ)کے سربراہ سے چین کے معروف ادارے بی جی آئی گروپ سے تعاون کے حوالہ سے اجلاس کے دوران بی جی آئی گروپ کے ساتھ تعاون کے فروغ روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا،اجلاس حالیہ ملاقاتوں کےتسلسل میں منعقد ہوا،جن میں بی جی آئی گروپ نے پاکستان کے صحت کے شعبے کی معاونت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ پاک چین اشتراک سے خصوصاً جینیاتی ٹیسٹنگ، نایاب بیماریوں کی تحقیق اور تشخیص کی جائے گی ۔مختار بھرتھ نے کہا کہ آئندہ نسلوں کے فائدے کے لیے جین بینک کا قیام کی تجویز بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین سائنسی تعاون سے بیماریوں کی بروقت تشخیص اور روک تھام کا نیا دور شروع ہو گا ۔
انہوں نے بین الاقوامی تعاون کیلیے موثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پہلے اپنی تکنیکی ترجیحات اور اسٹریٹجک ضروریات بارے سفارشات طے کرے گا ،اس مقصد کے حصول کیلیے این آئی ایچ دو سے تین ماہرین پر مشتمل ایک تکنیکی ٹیم تشکیل دے گا ۔
وزیر مملکت صحت نے کہا کہ پاکستانی وفد بی جی آئی گروپ کی تھیلی سیمیا، تولیدی صحت اور کینسر ریسرچ کا جائزہ لے گا ،وفد نایاب امراض کے شعبہ جات میں بی جی آئی کے منصوبوں اور ٹیکنالوجی کا بھی جائزہ لے گا ،قومی ادارہ صحت پاکستان کے جینیاتی اہداف پر مبنی مفصل سفارشات مرتب کرے گا ،جس میں پاکستان کے جینیاتی صحت کے اہداف ضروریات اور ترجیہات کا تعین کیا جائے گا۔وزیرِ مملکت صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے مزید کہا کہ بی جی آئی گروپ کی مہارت کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لایا جا سکتا ہے ۔
انہوں نے بی جی آئی گروپ کی جانب سے چین میں ان کی سہولیات کے لئے پاکستانی وفد کو دورہ کی دعوت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے دورے اور ماہرین کی مشاورت کے بعد حکومت بی جی آئی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت کی جانب پیش قدمی کرے گی ،یہ اقدام پاکستان کے حیاتیاتی تحقیقاتی نظام میں ایک انقلابی تبدیلی کی بنیاد رکھے گا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598373