پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت ملک بھر میں پہلے اکنامک زون پر جلد کام شروع ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے،, عبدالکریم خان

74

اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اے پی پی) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت،کامرس اور لیبر عبدالکریم خان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ کے تحت ملک بھر میں پہلے اکنامک زون پر جلد کام شروع ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے، اس اکنامک زون میں 9 فیصد سرمایہ کاری خیبر پختونخوا حکومت،91 فیصد غیر ملکی سرمایہ کاری ہو گی، چین کی طر ف سے جلد ہی منظوری کے بعد صوبہ میں128ملین ڈالرز سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ رشکئی اکنامک زون کو ملک کا پہلا اکنامک زون ہونے کا اعزاز حاصل ہونے والاہے جس کے لیے جلد ہی صوبہ میں 13 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ رشکئی سپیشل اکنامک زون صوبے اور خطے کا بہترین معاشی مرکز ثابت ہوگا جس کی صوبائی کیبنٹ نے منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ رشکئی سپیشل اکنامک زون پورے صوبے کا جغرافیائی مرکز ہے جو معاشی لحاظ سے پورے خطے کو بہم مربوط کرے گا،صنعت کاری کے فروغ سے بیروزگاری میں کمی، معاشی ترقی اورخوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی پالیسی کے تحت چین اور پاکستان کی باہمی رضا مندی سے طے ہونے والی مراعات پر عملدرآمد کرائیں گے، اس سلسلہ میں تصدیق کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان نے بتایاکہ چین کی طر ف سے جلد ہی منظوری کے بعد صوبہ میں 128ملین ڈالرز سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ رشکئی سپیشل اکنامک زون سی پیک کے تحت بننے والا پہلا اکنامک زون ہوگا جس سے صوبہ میں صنعتی سرگرمیوں کوفروغ حاصل ہوگا۔