پاک چین دوستی کے 73سال مکمل ہونے پر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں تقریب کا اانعقاد

158
China and Pakistan

ایبٹ آباد۔ 23 مئی (اے پی پی):پاک چین دوستی کے 73سال مکمل ہونے پر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے پاکستان سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ نے ایک تقریب کا اہتمام کیا جس کی مہمان خصوصی انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک سٹڈیزاسلام آباد کی صدر ڈاکٹر فرحت آصف تھیں ۔ ڈاکٹر فرحت آصف نے پروگرام میں شریک طلباء وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کو آزادی کے بعد بے شمار چیلنجز درپیش تھے جنہیں مدبر چینی قیادت نے اپنے عوام کے لیے مواقعوں میں تبدیل کر دیا اور صرف 40 سال کے عرصے میں تعلیم،تحقیق ،صنعت و حرفت اور زرعی میدان میں لاگو پالیسیوں کے کامیاب تسلسل کی بدولت دنیا کے نقشے پر کامیاب اور ہمہ جہت ترقی یافتہ قوم کی حیثیت سے سامنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ترقی کی منازل طے کی جا سکتی ہیں ،جس کے لئے ہمیں مستقل مزاجی سے آگے بڑھتے ہوئے مسلسل محنت کو اپنا شعار بنانا ہوگا تاکہ سائنس و ٹیکنالوجی سمیت دیگر میدانوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کیا جا سکے۔ڈاکٹر فرحت آصف نے چین کے Belt Road Initiative کے بارے میں طلباء و طالبات کو بتاتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں 140 سے زائد ممالک شامل ہیں جس کا مقصد زمینی و سمندری راستوں کے ذریعے چین کو دنیا کے دیگر خطوں کے ساتھ ملانا ہے،پاکستان میں سی پیک کے تحت جاری مختلف پراجیکٹس اس منصوبے کا ایک جزو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر چین ہمیشہ پاکستان کا قابل اعتماد دوست رہا ہے اور دونوں ملکوں کے تعلقات وقت گذرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز پروفیسر ڈاکٹر مجتبیٰ شاہ نے پروگرام کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبہ جات کی پوری استعداد کو استعمال کرنے اور اس سے مکمل طور پر مستفید ہونے کے لئے ضروری ہے کہ پاکستانی نوجوان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں آگے بڑھیں تاکہ وہ اس گیم چینجر منصوبے میں شامل ہو کر ملک و قوم کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں۔

پاکستان سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کی ہیڈعائشہ عالم نے بھی پاک چین دوستی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کو نظم کی صورت میں پیش کیا۔تقریب میں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے طلباء و طالبات، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔