پاک چین سفارتی تعلقات سالگرہ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چینی صدر شی جن پنگ کا دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور سی پیک کی ترقی کو بلند معیار پر فروغ دینے کا اعلان

165

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور چینی صدر شی جن پنگ نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی ترقی کو بلند معیار پر فروغ دینے کا اعلان کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی خطوط کا تبادلہ کیا ہے اور اپنی اپنی حکومتوں اور عوام کی جانب سے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے چینی ہم منصب کے نام خط میں کہا کہ اس تاریخی موقع پر ہم پاکستان اور چین کی دوستی کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور مشترکہ مستقبل کی حامل قریبی پاک چین کمیونٹی کی تشکیل کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے چینی صدر کی اچھی صحت اور چین کے عوام کی خوشحالی و ترقی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دریں اثنا چین کے صدر شی جن پنگ نے اپنے خط میں کہا کہ چین اور پاکستان ہر آزمائش پر پورا اترنے والے سٹریٹیجک پارٹنرز ہیں جو ہمیشہ بنیادی مفاد اور بڑی اہمیت کے حامل امور پر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور دوستی 70 سال سے قائم و دائم ہے جو دونوں ممالک کے عوام کا سب سے قیمتی تزویراتی اثاثہ بن چکا ہے۔

چینی صدر نے کہا کہ حالیہ برسوں میں چین اور پاکستان کی مشترکہ کوششوں سے سی پیک کی تعمیر کے حوالے سے شاندار نتائج حاصل ہوئے ہیں جو دونوں ممالک کے عوام کے ساتھ ساتھ پورے خطے کی خوشحالی کا اہم محرک ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے خلاف چین اور پاکستان نے خلوص کے ساتھ ایک دوسرے کی مدد کی ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی کو مزید تقویت ملی ہے۔

صدر شی جن پنگ نے کہا کہ وہ پاک چین تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں دوطرفہ سٹریٹیجک رابطوں اور بڑھتے ہوئے تعاون کو مزید گہرا بنانے، سی پیک کی ترقی کو اعلیٰ معیار پر فروغ دینے اور مشترکہ مستقبل کی حامل پاک چین کمیونٹی کی تشکیل کے لئے کام کرنے کا خواہاں ہوں۔