
اسلام آباد ۔ 23 اگست (اے پی پی) پاکستان اور چین نے دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تمام شعبہ جات میں اور اقوام متحدہ سمیت کثیر الجہتی فورموں پر اپنے تعاون کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کیا ہے، یہ اتفاق رائے پاکستان اور چین کے درمیان گزشتہ روز بیجنگ میں منعقدہ سٹرٹیجک ڈائیلاگ کے ساتواں دور کے دوران پایا گیا۔ خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری نے پاکستان کے وفد جبکہ نائب وزیر خارجہ امور برائے ایشیا و قونصلر امور کونگ چیان ژو نے چین کے وفد کی قیادت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق دونوں اطراف نے دو طرفہ تعلقات کے تمام تر پہلوﺅں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جن میں پاک چین اقتصادی راہداری، اقتصادی تعاون، دفاع، انسداد دہشت گردی ،ایس سی او، ثقافت، تعلیم اور عوامی سطح پر روابط شامل تھے۔ دونوں اطراف نے دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تمام شعبوں میں اپنے تعاون کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کیا۔