پاک چین قونصلر مشاورت کے 9 ویں دور کا بیجنگ میں انعقاد، فریقین کاعوام سے عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار

115
Foreign Office
Foreign Office

بیجنگ ۔14جولائی (اے پی پی):پاک چین قونصلر مشاورت کا 9 واں دور بیجنگ میں منعقد ہوا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل (چین)سفیر سید علی اسد گیلانی نے کی جبکہ چینی وفد کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل وو ڈیمن نے کی۔ فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان عوام سے عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کے شہریوں کے لیے قونصلر سہولتوں کو مزید بڑھانے کا عزم کیا۔

بیان کے مطابق اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے سفارت خانے متعلقہ حکام کے ساتھ ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد کریں گے جس میں طلبا اور کاروباری افراد سے متعلق قونصلر معاملات اور قیدیوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاک چین قونصلر مشاورت کا 10 واں دور آئندہ سال اسلام آباد میں ہوگا۔ قونصلر مشاورت پاکستان اور چین کے درمیان ایک ادارہ جاتی طریقہ کار ہے جو دونوں ممالک کے شہریوں کے لیے ویزہ اور امیگریشن اور قونصلر سہولت سمیت تمام قونصلر معاملات کا جائزہ لیتا ہے۔