اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):سٹیٹ بینک آف پاکستان نے پاکستان اور چین کے مثالی سفارتی تعلقات کے ستر سال مکمل ہونے پر جمعرات کو 70 روپے مالیت کا ایک یادگاری سکہ جاری کر دیا ۔اس سلسلے میں سٹیٹ بند آف پاکستان کے زیر اہتمام سکے کے اجراء کی تقریب سٹیٹ بینک آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
وزیر خارجہ نے پاکستان اور چین کے مابین، ستر سالہ کامیاب سفارتی تعلقات کے حوالے سے یادگاری سکے کے اجرائ پر گورنر اسٹیٹ بینک اور پاکستان ٹکسال کو مبارکباد دی۔تقریب سے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر، پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خطاب کیا۔تقریب کے اختتام پر وزیر خارجہ کو گورنر اسٹیٹ بینک نے، اسٹیٹ بنک کی جانب سے اب تک جاری کیے گئے یادگاری سکوں پر مشتمل "سوینیر”پیش کیا۔