پاک ۔امریکہ تعلقات کے لئے باہمی عملی تعاون روشن مستقبل کی نوید ہے، سفیررضوان سعید شیخ

83
پاک ۔امریکہ تعلقات کے لئے باہمی عملی تعاون روشن مستقبل کی نوید ہے، سفیررضوان سعید شیخ

اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاک امریکہ تعلقات کے لئے باہمی عملی تعاون روشن مستقبل کی نوید ہے۔ پیر کو نسٹ انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز (نپس ) میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کا "پاک ۔امریکہ تعلقات” پر ایک خطاب کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ نسٹ کے ریکٹر ڈاکٹر محمد ظاہر لطیف نے مہمان خصوصی کی آمد پر ان کا استقبال کیا اور انہیں یونیورسٹی کی کثیر جہتی علمی صلاحیتوں سے مختصر طور پر آگاہ کیا ۔

اجلاس کے دوران تمام ماہرین کا اتفاق رائے تھا کہ عملی تعاون اور باہمی احترام دو طرفہ تعلقات کے طویل مدتی مواقع کو کھولنے کے لئے اہم ہیں ۔ شرکا ءنے دونوں ریاستوں کے درمیان پائیدار اور متحرک تعلقات پر اور اس کی مضبوط مستقبل پر روشنی ڈالی ۔ بات چیت میں علاقائی امن ، استحکام اور سلامتی کے لئے پاک امریکہ شراکت داری کی مسلسل مطابقت پر زور دیا گیا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے مستقبل میں قابلیت پر مبنی نقطہ نظر اپنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا ۔ ڈی جی نپس ڈاکٹر اشفاق حسن خان کے زیر اہتمام اس اجلاس میں سیاستدانوں ، سابق سینئر سول اور فوجی عہدیداروں ، تجربہ کار سفیروں ، سرکاری عہدیداروں ، ماہرین تعلیم ، تھنک ٹینک کے ماہرین ، سکالرز ، محققین اور طلبا نے شرکت کی ۔

پاکستانی اور امریکی علمی اداروں کے درمیان تعلیمی ، تھنک ٹینک ، ایس اینڈ ٹی اور اختراع پر مبنی تعاون کو بڑھانے کے لئے بھی زور دیا گیا ۔ تعلیمی سفارتکاری سے فائدہ اٹھا کر دونوں ممالک مشترکہ افہام و تفہیم کو فروغ دے سکتے ہیں جوعالمی اور علاقائی چیلنجوں سے موثر طریقے سے نمٹ سکتے ہیں ۔ شرکا ء نے پاک۔امریکہ کاروبار کے تبادلے اور تجارتی روابط میں اضافے کی اہمیت پر بھی زور دیا ۔

اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ زراعت ، اعلیٰ تعلیم ، جدید آئی سی ٹی ، قابل تجدید توانائی ، صحت کی دیکھ بھال اور معدنیات کے شعبوں میں زیادہ سے زیادہ تعاون باہمی فائدہ مند ہوگا ۔مزید برآں علاقائی سلامتی اور استحکام پر دو طرفہ بات چیت بھی سود مند ثابت ہوگی ۔ اجلاس کا اختتام علاقائی اور عالمی ترقی کی بہتری اور خوشحالی کے لئے زیادہ سے زیادہ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر ہوا ۔