نیویارک ۔25نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پا کستان کے سفیر منیر اکرم نے بھارتی دہشت گردی اور تخریب کاری کے ثبوتوں پر مشتمل ڈوزیئرسیکر ٹری جنرل انتو نیو گوترش کے حوالے کر دیا اور ان سے پاکستان میں بھارت کی دہشت گردی اور جارحیت پر مبنی سر گر میاں رکوانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ سفیر منیر اکرم نے بھارتی دہشت گردی اور تخریب کاری کے ثبوتوں پر مشتمل ڈوزیئرسیکر ٹری جنرل انتو نیو گوترش کو دینے کے بعدپاکستانی مشن میں ایک پریس کانفر نس میں کہا کہ انہوں نے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے بین لاقوامی قانون ، اقوام متحدہ کے منشور اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف وزری کا نوٹس لیں پاکستان میں بھارتی دہشت گردی اور تخریب کاری روکنےکے لئے بھارت پر دبائو ڈالاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے تمام متعلقہ اداروںاور سلامتی کونسل کی توجہ بھارت کی دہشت گردی کی سرپرستی کرنے کی طرف مبذول کرائےگا اور باور کروائے گاکہ پاکستان دفاع کا اپنا حق محفوظ رکھتاہے۔ سفیر منیر اکرم نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ سیکر ٹری جنرل انتو نیو گوترش نے دہشت گردی خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی ۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی حیثیت سے ، انہوں نے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے پاکستانی فورسز کی کارروائیوں کا خودمشاہدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں پاکستان کی قربانیوں کو بھی سراہا۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وہ ڈوزیئر کا مطالعہ کرکے مناسب کارروائی کریں گے۔سفیر اکرم نے صحافیوں کو بتایا کہ ڈوزیئر پاکستان میں دہشت گردی اور بغاوت کو فروغ دینے کے لئے بھارت کی منظم مہم کی مکمل تحقیقات کے بعدتیار کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ، 2014 سے موثر فوجی کارروائیوں کے ذریعے القاعدہ اور اس سے وابستہ تنظیموں کے خاتمے کا ذمہ دار تھا۔ دنیا میں کہیں بھی انسداد دہشت گردی کے سب سے کامیاب آپریشن انجام دینے میں ، پاکستان کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑی کیونکہ ہمارے 83،000 شہری اور فوجی شہید ہوئے اور اس عمل میں 126 ارب ڈالر کے معاشی نقصان سے اقتصادی اور سماجی ترقی کو بڑے پیمانے پر دھچکالگا ۔انہوں نے کہا ، پاکستان میں صورتحال معمول پر آچکی تھی تاہم گذشتہ مہینوں کے دوران پاکستان میں سرحد پار سے ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔سفیر اکرم نے کہا کہ ہمیں معلوم تھا کہ اس طرح کے حملوں میں ہندوستان کا ہاتھ ہے۔اب ہم ناقابل تردید ثبوت اکٹھے کرچکے ہیں کہ ہندوستان پاکستان کے خلاف ہائبرڈ / ففتھ جنریشن وار کہلانے والے دہشت گردی کے حملوں ، علیحدگی اور بغاوت کو فروغ دینے کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے ایک منظم مہم میں مصروف ہے۔اس کے علاوہ ، پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت کی ہائبرڈ جنگ کے ساتھ ہی پاکستان کے خلاف جارحیت کی دھمکیاں دیں اور متنازعہ جموں و کشمیر میں کنٹرول لائن (ایل او سی) پر جنگ بندی کی روزانہ خلاف ورزی کی گئی ۔انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ بھارت کی اعلی سطحی قیادت پاکستان میں دہشت گردی اور بغاوت کی مہم چلارہی ہے۔پاکستان نے سیکرٹری جنرل اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف بھارتی دہشت گردی اور بغاوت کا نوٹس لیں اور ان غیر قانونی اور جارحانہ سرگرمیوں سے بازرکھنے کے لئے بھارت پر ڈالیں۔