21.6 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 3, 2025
ہومقومی خبریںپا ک جاپان ہیومن ریسورسز سٹیک ہولڈرز اجلاس ، دونوں ممالک کے...

پا ک جاپان ہیومن ریسورسز سٹیک ہولڈرز اجلاس ، دونوں ممالک کے درمیان افرادی قوت کے تبادلے اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے پائیدار، طویل مدتی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):پاکستان میں متعین جاپان کے سفیر اکاماتسو شُوئیچی نے جمعہ کو اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر "پاکستان جاپان ہیومن ریسورسز اسٹیک ہولڈرز اجلاس ” کی میزبانی کی۔ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستان سے جاپان میں افرادی قوت کی ترقی اور روزگار کے مواقع کے لیے سرگرم عمل تقریباً 70 اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی ۔

سفارتخانے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز عون چوہدری سمیت جاپانی و پاکستانی سرکردہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پروڈ پارٹنرز ، پلس ڈبلیو ، جاپان پاکستان انوویشن انسٹیٹیوٹ، جاپان سٹیشن ،جے پی آئی آئی، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) اور جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جیٹرو) کے نمائندے بھی موجود تھے۔

- Advertisement -

اجلاس میں جاپان میں ہنرمند پاکستانی افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی طلب اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی حکمت عملیوں پر غور کیا گیا، تاکہ آئی ٹی، صحت، تعمیرات، زراعت اور مینوفیکچرنگ جیسے شعبوں میں پاکستانی ہنرمندوں کی مؤثر شمولیت کو ممکن بنایا جا سکے۔جاپانی سفیر نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہاکہ مجھے یقین ہے کہ جاپان میں پاکستانی پیشہ ور افراد کی کامیابی، پاک جاپان دوطرفہ تعلقات کے لیے ایک اہم ستون بنتی جا رہی ہے۔ دونوں ممالک کے سفارتخانے اس شعبے میں مسلسل کردار ادا کر رہے ہیں۔

جاپان میں پاکستانی ٹیلنٹ کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے اور مجھے امید ہے کہ مستقبل میں ان کی مانگ میں مزید اضافہ ہوگا۔ جاپان معیاری انسانی وسائل کا متلاشی ہے اور پاکستانی نوجوان جاپان میں خدمات انجام دے کر دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید تقویت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے ترسیلات زر معیشت کا اہم ستون ہیں اور جاپان میں پاکستانی کارکن جو مہارتیں حاصل کرتے ہیں وہ وطن واپسی پر صنعتی ترقی میں معاون ثابت ہوں گی۔

انہوں نے اوساکا ، کانسائی ایکسپو کا بھی ذکر کیا، جو 13 اپریل سے شروع ہو چکی ہے اور 13 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں گزشتہ ماہ ایکسپو میں شرکت کر چکا ہوں۔ 160 سے زائد ممالک اس میں شریک ہیں، جن میں پاکستان کا پویلین، جو پنک سالٹ پر مشتمل ہے، زائرین میں بے حد مقبول ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ پویلین جاپانی عوام کی توجہ پاکستان کی طرف مبذول کرائے گا اور مزید پاکستانی شہریوں کو جاپان کے جدید، انسان دوست ٹیکنالوجی کے تجربے کی دعوت دے گا۔

وفاقی وزیر سالک حسین نے پاکستان اور جاپان کے درمیان انسانی وسائل کی ترقی کے لیے تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا، اور اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن اور پلس ڈبلیو کے اشتراک کی تعریف کی۔ انہوں نے بتایا کہ سپیسیفائیڈ سکلڈ ورکرز (ایس ایس ڈبلیو ) پروگرام کی حالیہ توسیع سے اب آئی ٹی کے ساتھ صحت، تعمیرات، زراعت اور مینوفیکچرنگ جیسے شعبے بھی شامل ہو چکے ہیں۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے بتایا کہ اپریل 2025 میں ٹوکیو میں ہونے والے جاپان آئی ٹی ویک میں پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں نے کامیابی کے ساتھ 6 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کے معاہدے کیے۔ انہوں نے جاپان میں پاکستانی آئی ٹی ٹیلنٹ کو متعارف کروانے کے لیے مزید روڈ شوز کی تجویز دی اور جاب میچنگ پلیٹ فارم کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے جاپان کے جے ڈی ایس اسکالرشپ پروگرام میں آئی ٹی اور ٹیلی کمیونی کیشن شعبوں کو شامل کرنے کی بھی سفارش کی۔اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ جاپان اور پاکستان کے درمیان افرادی قوت کے تبادلے اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے پائیدار، طویل مدتی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591540

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں