پا ک سعودی دفاعی معاہدہ اہم سنگ میل، حرمین شریفین کے تحفظ کی ذمہ داری پاکستانی قوم کیلئے باعث اعزاز ہے،طاہر محمود اشرفی

لاہور۔20ستمبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ اہم سنگ میل اورحرمین شریفین کے تحفظ کی ذمہ داری پاکستانی قوم کے لئے باعث اعزاز ہے ،ہم نے مل کردہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہےاور جہاد کی اجازت دینا صرف ریاست کی ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں …

لاہور۔20ستمبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ اہم سنگ میل اورحرمین شریفین کے تحفظ کی ذمہ داری پاکستانی قوم کے لئے باعث اعزاز ہے ،ہم نے مل کردہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہےاور جہاد کی اجازت دینا صرف ریاست کی ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں سینٹ انتھونی ہائی سکول میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے حافظ محمدطاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کی ذمہ داری پاکستانی قوم کیلئے باعث اعزاز ہے ،پاکستانی قوم پہلے روز سے ہی مکہ ومدینہ کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے ،پاک سعودی دفاعی معاہدہ ہوا تو اس سے زیادہ ہمارے لئے کوئی اور مقدس بات نہیں کہ اللٰہ کے اپنے گھر اور مسجد نبویﷺ کی سکیورٹی کی ذمہ داری تمام اسلامی ممالک میں سے پاکستان کے حصہ میں آ ئی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی وتحفظ حاصل اور مثالی مذہبی ہم آہنگی موجود ہے ،پاکستان کے اندر مسیحی بھائیوں نے تعلیم اور دفاعی میدان میں جو کردار ادا کیا ہے اس کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا1980 سے قبل جو خوبصورت معاشرہ تھا اس کو واپس لانا اورہم سب نے مل کر پاکستان کو مضبوط بنانا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے رویوں کو تبدیل کرنا ہوگا،پیغام پاکستان ہمارے پاس مضبوط میسج ہے،یہ پہلی مرتبہ کمیٹی بنی ہے جس میں ہندو سکھ کمیونٹی کو شامل کیا گیا ہے،پیغام پاکستان کا مقصد امن،اعتدال اور سلامتی ہے،حضرت عیسی علیہ السلام اور بابا گرو نانک کا پیغام بھی امن کا ہے،پیغام پاکستان آئین پاکستان کے بعد مضبوط دستاویز ہے، اس پر نبی کریمﷺکے حکم کے مطابق عمل کرنا ہے،قومی امن کمیٹی میں سب اقلیت رہنما ہیں جن کا مقصد خوبصورت پاکستان بنانا ہے۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ یہ بات کہنے میں مجھے کوئی خوف نہیں کہ مسیحیوں نے صحت کا میدان ہو یا دفاعی میدان ، سب میں بڑا اہم کردار ادا کیاہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے رویوں اوربرداشت سے یہ کام کرنا ہوگا کہ سکھ ،ہندو یا عیسائی مل کر بیٹھیں،آپﷺ کا فرمان ہے کہ اگر کسی نے غیر مسلم کی طرف تلوار کا اشارہ کیا تو قیامت میں پوچھ گچھ ہوگی۔

طاہرمحمود اشرفی نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کو تاریخی فتح نصیب ہو ئی ، بھارت نے جنگ چھیڑی تو پاکستان سے بھرپور جواب ملا،پاکستانی قوم نے متحد ہوکر اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو دھول چٹا دی ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری امت مسلمہ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، جب دہشتگرد دہشت گردی کرتا ہے تو یہ نہیں پوچھتا کہ آپ مسیحی ہو یا مسلمان ، ہندو ہو یاسکھ ہو وہ چرچز، مسجد ، امام بارگاہوں اور مدرسوں میں بیگناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناتا ہے،ہمیں مل کر دہشت گردی اورانتہا پسندی کا مقابلہ کرنا ہے۔

مزید خبریں