اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ کاروباری برادری ملک کی معاشی ترقی میں اہم کرداراداکرتی ہے،آرسی سی آئی کی میثاق معیشت، پالیسیوں کے تسلسل اور کمیٹیوں میں نمائندگی کے مطالبے کی پوری سپورٹ کرتا ہوں، رنگ روڈ کے اطراف اکنامک زونز ضروری ہیں اس کے بغیر یہ فائدہ مند نہیں ہوگی۔ آر سی سی آئی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی چیلنجزسے نبرد آزما ہونے کیلئے سب نے مل کرچلناہے،
پبلک اور پرائیویٹ شراکت داری پائیدار معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے،پارلیمنٹ سماجی اقتصادی بحالی کی کوششوں کی حمایت کیلئے پرعزم ہے،بی آئی ایس پی کے ذریعے ضرورت مندطبقے کی مددکی جارہی ہے،پاکستانی معیشت میں تاجر برادری صنعتکاروں کا اہم کردار ہے،کسی بھی ملک کی معاشی استحکام میں سیاسی استحکام کا اہم کردار ہوتا ہے،ساز گار کاروباری ماحول اور پالیسیوں کا تسلسل معاشی بہتری کیلےناگزیرہے،
حکومت اور تاجر برادری مل کر ملکی معاشی ترقی کو بہتر کرسکتے ہیں،میثاق معیشت طویل المدتی سرمایہ کاری کے لئے ضروری ہے،ہمیں درآمدا ت کو کم کرنا اور برآمدات کو بڑھانا ہوگا،ہم نے بینظیر انکم سپورٹ کے لئے سماجی تحفظ کو بڑھایا ہے،مستحکم معاشی پالیسی سے سرمایہ کاروں میں اعتماد بڑھے گا، تاجر برادری آگے آئے اور ملکی معاشی ترقی میں کردار ادا کرے،ہم سب مل کر پاکستان کو خوشحال بنا سکتے ہیں ۔
آر سی سی آ ئی ترجمان نے بتایا کہ سینٹ چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے گزشتہ روز راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے خطاب کیا۔ صدر چیمبر عثمان شوکت، سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی، نائب صدر فہد برلاس، گروپ لیڈر سہیل الطاف، سابق صدور، اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے چیمبر آمد پر پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر انجمن تاجران کے نمائندوں، ویمن ممبران اور چیمبر ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔ صدر چیمبر عثمان شوکت نے سینٹ چیئرمین کو راولپنڈی چیمبر کی جاری سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ میکرو اکنامک اشاریے بہتر ہوئے ہیں، افراط زر، شرح سود میں کمی آئی ہے، روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے، ترسیلات زر اور ایکسپورٹس میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ کے اطراف اکنامک اور انڈسٹریل زونز کے قیام پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔
گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ پالیسیوں کے تسلسل کے لئے میثاق معیشت کیا جائے،سینٹ کی فنانس اور کامرس کمیٹی میں تاجر برادری کو نمائندگی دی جائے۔ چیمبر کے صدر کی مدت دو سال کی جگہ ایک سال کی جائے، مقامی سرمایہ کار اور صنعتکار کے لئے ماحول سازگار ہو گا تو غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی۔