پبلک سیفٹی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے، ڈاکٹر شہزاد خان بنگش

92
پبلک سیفٹی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے، ڈاکٹر شہزاد خان بنگش

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے شہید ملت سیکرٹریٹ اسلام آباد کا دورہ کیا۔اپنے دورے کے دوران سیکرٹری وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس نے عمارت میں نصب لفٹوں کا معائنہ کیا جو تکنیکی وجوہات کی بناء پر بند کر دی گئی تھیں۔ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کو ڈی جی پی ڈبلیو ڈی اور ان کے مینٹیننس سٹاف نے بریفنگ دی کہ لفٹیں 2006 میں لگائی گئی تھیں اور ضرورت سے زیادہ استعمال اور دیکھ بھال کے مسائل کی وجہ سے کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے لفٹوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈبلیو ڈی نے سیکرٹری کو مزید بتایا کہ فرانسیسی کمپنی کے ماہرین کی ٹیم لفٹوں کا معائنہ کر رہی ہے جو لفٹوں کو تبدیل کرنے کی صورت میں مشورہ دے گی۔ سیکرٹری نے کسی بھی خرابی یا حادثات کو روکنے کے لیے لفٹوں کی باقاعدگی سے دیکھ بھال کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ اتھارٹی کو عمارت میں فوری طور پر تین نئی لفٹوں کی خریداری کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ معائنہ کے دوران سیکرٹری ہائوسنگ نے عمارت کا معائنہ بھی کیا اور ڈی جی پی ڈبلیوڈی کو ضروری مرمت کرنے کی ہدایت کی جس میں بہتری کی ضرورت ہے اور ان مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

مزید برآں سیکرٹری ہائوسنگ نے یہ بھی ہدایت کی کہ بلڈنگ مینجمنٹ مینٹیننس کا شیڈول مرتب کرے اور عمارت کے تمام معائنے اور مرمت کا ریکارڈ رکھے۔سیکرٹری ہائوسنگ وقاص علی محمود، ایڈیشنل سیکریٹری، اشفاق گھمن، سینئر جوائنٹ سیکریٹری اور وزارت ہائوسنگ کے دیگر سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔