پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کی سطح پر اکیڈمیہ اور انڈسٹری کے درمیان اشتراک پیدا کرنا ہوگا ،گورنر بلوچستان

128

کوئٹہ۔ 25 جولائی (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ جمہور کی جمہوریت دراصل اجتماعی دانش کا سیاسی مظہر ہے اور اجتماعی دانش کے فیصلے ہی ہرموثر اور معتبر ہوتے ہیں ،یونیورسٹی آف پنجگور کو عالمی معیار کے مطابق بنانے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یونیورسٹی آف پنجگور کے پہلے سینٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس عبداللہ بلوچ، پنجگور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین، صوبائی سیکرٹری تعلیم حافظ محمد طاہر، چیئرمین بی آر اے نورالحق بلوچ، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی ،ہا ئر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، فنانس ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری ممتاز لانگو، جسٹس ریٹائرڈ عبدالحمید بلوچ اور سیشن جج (ر) ظریف بلوچ سمیت پنجگور یونیورسٹی کے سینٹ ممبران موجود تھے،

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کی سطح پر اکیڈمیہ اور انڈسٹری کے درمیان سماجی و معاشی ضروریات کے مطابق اشتراک پیدا کرنا ہوگا تاکہ ہم حقیقی تعمیر و ترقی کی دوڑ میں شامل ہوسکیں اور بےروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں کامیابی سے ہمکنار ہو سکیں، انہوں نے وائس چانسلر پر زور دیا کہ نئے ڈیپارٹمنٹس کھولتے وقت نیچرل سائنسز پر زیادہ توجہ مرکوز رکھیں،

گورنر بلوچستان نے کہا کہ آبادی اورعوامی نقل و حمل کے مراکز کے قریب واقع یونیورسٹی ہی طلباء و طالبات کیلئے سہولیات فراہم کرتی ہےآخر میں گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی آف پنجگور کے پہلے سینٹ اجلاس کے شرکاء کو یادگاری شیلڈز بھی دیں ۔