اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے سی ڈی اے کو متحرک ادارہ بنایا جائے گا، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے پلیٹ فارم سے سی ڈی اے مستقل ذرائع آمدنی کے منصوبوں پر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ڈی اے ہیڈ کوراٹر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی اور انٹرنیشنل کنسلٹنٹ نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد میں ٹورازم کے فروغ کے لیے بڑے منصوبے شروع کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی(پی تھری اے) کی معاونت اور مہارتو ں سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، پی تھری اے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے سی ڈی اے کو تکنیکی معاونت فراہم کرے۔
انہوں نے کہا کہ اثاثوں کی آکشن کے بجائے مستقل ذرائع آمدن بنانے کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا، سی ڈی اے پروفیشنلی مضبوط پلیٹ فارم کے ذریعے مستقل ذرائع آمدنی کے منصوبے شروع کرنے پر غور کررہا ہے، دونوں اداروں کی ٹیمیں ملکر کام کریں گی اور شروع کئے جانے والے منصوبوں پر غور کریں گی، دیگر سرکاری اداروں کے تجربات اور مہارتوں سے استفادہ کیا جائے گا۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی کی معاونت سے شہر کے لئے قلیل المدتی اور طویل المدتی منصوبے بنائے جائیں گے۔