26.6 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںپتریاٹہ میں جنگلاتی آگ کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی سیمینار...

پتریاٹہ میں جنگلاتی آگ کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد

- Advertisement -

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (ٹی ڈی سی پی)اور محکمہ جنگلات نے پتریاٹہ کی مقامی کمیونٹی کے تعاون سے جنگلاتی آگ کی روک تھام اور کنٹرول کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کا مقصد عوام کو جنگلاتی آگ کے اسباب، ان کے مہلک اثرات اور ان کی روک تھام کے مؤثر طریقوں سے آگاہ کرنا تھا۔مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی سمیت ضلعی پولیس افسر مری آصف امین، ریسکیو 1122، دیگر محکموں کے افسران، مقامی افراد اور ماحول دوست شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ علاقے کے قدرتی حسن کو محفوظ رکھنے میں اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

انہوں نے جنگلاتی آگ کی روک تھام کے لئے پیشگی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈی پی او مری آصف امین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جنگلاتی وسائل کے تحفظ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار اور آگ لگنے کی صورت میں فوری ردعمل کی اہمیت پر زور دیا۔ سیمینار کے شرکاء سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات کو محفوظ بنانے کے لئے سب کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔سیمینار میں انٹرایکٹو سیشنز بھی شامل تھے جن میں شرکاء نے اپنے تجربات شیئر کئے اور جنگلاتی آگ کی روک تھام کے لئے کمیونٹی پر مبنی حل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر مقامی رضاکاروں، ریسکیو 1122، محکمہ جنگلات اور دیگر اداروں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو جنگلاتی آگ کی روک تھام اور ہنگامی حالات میں فوری ردعمل کے لئے کام کرے گی۔

- Advertisement -

ڈپٹی کمشنر نے تقریب کے اختتام پر تمام سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ پتریاٹہ کے جنگلات کی حفاظت کے لئے مل جل کر کام کریں جو علاقے کے ماحولیاتی نظام اور سیاحت کے فروغ کے لئے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ریسکیو 1122 اور محکمہ جنگلات کے عملے کو ان کی غیر معمولی خدمات پر خصوصی خراج تحسین پیش کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552755

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں