لاہور۔12فروری (اے پی پی):پتنگ بازوں کے خلاف لاہور پولیس کی کاروائیاں جاری ہیں ۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق پولیس نے19 ہزار پتنگیں ضبط کر لیں، 372 مقدمات درج کئے، 380 گرفتاریاں ہوئیں، 34 سپلائر زیر حراست لے لئے۔ڈی آئی جی آپر یشنز فیصل کامران نے جاری بیان میںکہا ہے کہ آن لائن پتنگیں بیچنے والے گروہوں سمیت 34 بڑے سپلائر پکڑے گئے، پتنگیں بنانے والے 16 کارخانے بھی پکڑے گئے،ہزاروں کی تعداد میں پتنگیں بنانے کا خام مال بھی قبضہ میں لیا گیا،40 روز میں 372 مقدمات درج ، 380 گرفتاریاں ہوئیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ19ہزار سے زائد پتنگیں،سینکڑوں چرخیاں برآمد کی گئیں، سٹی ڈویژن میں 78،کینٹ 123،سول لائنز میں 21 ملزمان گرفتار ہوئے،صدرڈویژن میں 22، اقبال ٹاون 49، ماڈل ٹاون میں 79 ملزمان گرفتار ہوئے۔ فیصل کامران نے کہا کہ پتنگ بنانا، بیچنا، اڑانا یا ترسیل کرنا ناقابل ضمانت جرم ہے،پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 3سے 5 سال جیل ہو سکتی ہے، شوق میں اڑائی گئی پتنگ کسی کا گلہ کاٹ سکتی ہے، اپنی چھتوں کو پتنگ بازی کیلئے استعمال نہ ہونے دیں، بچوں کو پتنگ بازی سے روکنا والدین کی ذمہ داری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید کہا کہ شہری اپنے گرد نواح نظر رکھیں، پتنگ بازی کی اطلاع 15 پر دیں۔