لاہور۔27اکتوبر (اے پی پی):پنجاب پولیس نے رواں سال پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون میں 2708مقدمات کا اندرج کر کے2774ملزمان گرفتار کئے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے اتوار کو یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی کے خونی کاروبار کے خلاف مختلف کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 54556پتنگیں اور 2447چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔ سٹی ڈویژن میں 670ملزمان، کینٹ میں 585، سول لائنز میں 219، صدرمیں 402، اقبال ٹائون میں 373اور ماڈل ٹائون میں 525ملزمان گرفتارکئے گئے ہیں۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ دھاتی ڈور اور پتنگ بازی کے جان لیوا کھیل میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کی تیاری، خریدوفروخت اور استعمال میں ملوث قانون شکن عناصرسے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث قانون شکن عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے گا اور والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں۔