پختونخوا کے عوام پی ٹی آئی کی تبدیلی کا راز جان چکے، ڈاکٹر عظمت مہمند

64

پشاور۔ 26 مئی (اے پی پی):پرامن احتجاج کسی بھی سیاسی جماعت اور عام شہریوں کا آئینی حق ہے، خیبرپختونخوا حکومت کی پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبہ بچاؤ تحریک کے نہتے شرکاء پر لاٹھی چارج اور شیلنگ قابل مذمت ہے، ان خیالات کا اظہار جے یو آئی پشاور کے سابق امیر پروفیسر مولانا خیرالبشر اور ڈاکٹر عظمت علی مہمند نے مشترکہ بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے پرامن احتجاج پر لاٹھی چارج اور شیلنگ سے قبل اپنا ڈی چوک کا دھرنا یاد کرنا چاہیے تھا

جب پی ٹی آئی والوں نے پورے ملک کو جام کر رکھا تھا، خیبرپختونخوا حکومت بدہواسی کا شکار ہوچکی ہے اپنی نااہلی اور مبینہ بدعنوانی کو چھپانے کے لئے پرامن احتجاج مظاہروں کا نہ صرف راستہ روک رہی ہے بلکہ نہتے اور پرامن مظاہرین پر ظالمانہ لاٹھی چارج اور شیلنگ حقیقت سے نظریں چرانے کے مترادف ہے، انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام تحریک انصاف کی تبدیلی کا راز جان چکے ہیں آج ایک سیاسی جماعت صوبہ بچانے سڑکوں پر نکلی ہے اگر صورتحال یہی رہی توعام آدمی بھی احتجاج پر مجبور کرتا نظر آئے گا۔