پرائس کنٹرول مجسٹر یٹس بھکرکی ماہانہ کارکردگی،21لاکھ روپے کے جرمانے، 80دکانیں سیل،185افراد گرفتار

114
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

بھکر۔ 05 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنربھکر علی اکبر بھنڈ ر کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول مجسٹر یٹس کی ماہانہ کارکردگی کے جائزہ کے سلسلہ میں خصوصی اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظفر حسن نقوی، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی او انڈسٹری ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ماہانہ کارکردگی کا انفرادی طور پر جائزہ لیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مجموعی طور پر22925 انسپکشنزکیں جن میں سے 976 افراد کو وارننگ جاری کی گئیں۔

علاوہ ازیں مختلف دکانداروں کو خلاف ورزی پر مجموعی طور پر21لاکھ 27ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے اور 80دکانوں کوسیل کیا گیا جبکہ 185افراد کو خلاف ورزی کی صورت میں موقع پر گرفتار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام پی سی ایم کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں نکلیں اوردوکانوں پر ریٹ لسٹوں کو کروائیں۔

ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والے دوکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سبزی و دیگر اشیاء ضروریہ، نان روٹی اور بیکری آئٹمزکی سرکاری نرخوں پر فروخت کوبھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔