پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،ڈپٹی کمشنر

90
Deputy Commissioner Captain Retired Aurangzeb Haider Khan
Deputy Commissioner Captain Retired Aurangzeb Haider Khan

سرگودھا۔5جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان نے ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر میں پرائس کنٹرول میکنزم پر حکومتی ویژن کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ روٹی،پھل،سبزیوں،چکن،کریانہ آئٹمز اور ڈبل روٹی کی قیمتوں کو چیک کریں۔اُنہوں نے یہ بات اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ تحصیلوں میں پرائس کنٹرول میکنزم پرعملدرآمد میں غفلت نہیں ہونی چاہیے اور گرانفروشوں کے خلاف ایکشن کی رپورٹ روزانہ ان کے دفتر کو فراہم کی جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع بھر میں تعینات 54 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے یکم مئی سے اب تک 9 ہزار 742 انسپکشز کی ہیں۔پرائس ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر 19 دکانداروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائی گئیں جبکہ 52 لاکھ 88 ہزار 8 سو روپے جرمانہ کیا گیا.ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مقررہ کردہ انڈیکیٹرز(کے پی آئیز)کو مسلسل واچ کیا جارہاہے لہذا متعلقہ محکموں کے افسران پراگریس بہتر بنائیں۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہفتہ میں دو مرتبہ ماتحت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے علاؤہ روٹی اور بیکری آئٹمز کی مقررہ قیمتوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے خود تندوروں، ہوٹلز اور بیکریوں کے دورے کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے ایک ہفتہ کے دوران ستھرا پنجاب کے تحت انجام دی سرگرمیوں کے جائزہ، شادی ہالز کے دوروں، جاری ترقیاتی سکیموں کے معائینہ، طبی مراکز اور تعلیمی اداروں کے دوروں کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اجلاس میں اے ڈی سی آر محسن صلاح الدین اور اے ڈی سی جی عمر فاروق کے علاؤہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔