اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):ایس ای سی پی نے سرمایہ کاری کی غیر قانونی سکیموں کے خلاف عوام کو خبردار کیا ہے کہ ’’پرائم زون لمیٹڈ‘‘کے نام کی کوئی کمپنی ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ نہیں ہے اور نہ ہی اس نام کے کسی ادارے کو عوام سے ڈیپازٹ یا سرمایہ کاری اکٹھا کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے علم میں آیا ہے کہ میسرز پرائم زون اور اس کے مالک عمران بٹ عوام الناس کو زیادہ منافع کا لالچ دے کر عوام سے غیر قانونی طور پر ڈیپازٹ اکٹھا کر رہے ہیں اور سرمایہ کاری کی غیر قانونی سکیمیں بتا کر گمراہ کر رہے ہیں۔ان لوگوں نے "پرائم زون لمیٹڈ ” کے نام سے سوشل میڈیا اکائونٹ بنا رکھے ہیں اور ایک رجسٹرڈ کمپنی ہونے کا غلط تاثر دیتے ہیں۔ پرائم زون کے نام سے کام کرنے والے یہ افراد عوام سے سے ایل پی جی کی تجارت میں سرمایہ کاری کے نام پر پیسے بٹورتے ہیں۔
عوام کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ ’پرائم زون لمیٹڈ‘ کے نام کی کوئی کمپنی ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ نہیں ہے اور نہ ہی اس نام کے کسی ادارے کو عوام سے ڈیپازٹ یا سرمایہ کاری اکٹھا کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔عوام کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ پرائم زون اور اس کے مالک عمران بٹ کے پاس کسی بھی شکل میں اور کسی بھی انتظام میں فنڈز جمع/ سرمایہ کاری نہ کریں۔ ایس ای سی پی نے ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔