کراچی۔22جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے سیاحت اور وزریر اعظم کےمعاون خصوصی برائے امور نوجوانان وصی شا ہ نے کہا ہے کہ پرائم منسٹرز گرین یوتھ موومنٹ ہشت پہلو پروگرام ہے جو ملک کے نوجوانوں کو نہ صرف روزگار فراہم کر رہا ہے بلکہ ماحول کو پائیدار بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے، حکومت نوجوانوں میں انٹر پرینیور شپ کو فروغ دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، نوجوان اپنا کاروبار کر کے نہ صرف باعزت روزگار کما سکتے ہیں بلکہ مزید لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا ذریعہ بھی بن سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی میں پرائم منسٹرز گرین یوتھ موومنٹ کے تحت ایک روزہ گرین انوویٹ ویسٹ کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ کانفرنس میں 9 منتخب نوجوانوں نے مائع اور ٹھوس فضلہ کے انتظام کے حوالے سے جدید حل کے لئے اپنے اپنے آئیڈیاز پیش کئے۔ وزیر مملکت وصی شا ہ نے کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کہ پرائم منسٹرز گرین یوتھ موومنٹ ایک ہشت پہلو پروگرام ہے جو ملک کے نوجوانوں کو نہ صرف روزگار فراہم کررہا ہے بلکہ ماحول کو پائیدار بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کانفرنس میں منتخب ہونے والے نوجوانوں کو مبارکباد پیش کی ۔
ان کا کہنا تھا آج کی کانفرنس میں شامل نوجوانوں نے جو آئیڈیاز پیش کئے وہ خوشی کا باعث ہیں، حکومت نوجوانوں کو صحیح سمت کی جانب گامزن کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے اور آج کی یہ کانفرنس انہی کوششوں کا ایک سلسلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں شامل نوجوان اس بات پر پختہ یقین ظاہر کرتے ہیں کہ اگر آپ پختہ عزم کے ساتھ آگےبڑھیں گے تو ترقی آپ کا مقدر بنے گی ، کانفرنس میں شامل یہ نوجوان پورے پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
معاون خصوصی امور نوجوانان وصی شاہ نے آئیڈیاز کی بنا پر پوزیشنز حاصل کرنے والے نوجوانوں میں چیک اور ٹرافیاں تقسیم کیں، پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے نوجوانوں کو بالترتیب 5 لاکھ ، 3 لاکھ اور 2 لاکھ روپے کے انعامی چیک دیئے گئے ۔ کانفرنس میں ڈائریکٹر آئی بی اے ڈاکٹر لالہ روم اعجاز پروجیکٹ ڈائریکٹر ایچ ای سی عرفان اللہ صاحب محترم ڈاکٹر محمد علی ملک ڈپٹی سیکرٹری پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام نے بھی شرکت کی۔