کراچی۔ 26 جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہاہے کہ پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کے تحت گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 30 ارب روپے تقسیم کئے گئے۔انہوں نے یہ بات بدھ کو گورنر ہاؤس سندھ میں پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم اور پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم 2023 کے تحت لیپ ٹاپ اور چیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ بزنس لون پروگرام کا آغاز سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے 2013 میں کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں اسکیم کے تحت 75 ارب روپے تقسیم کیے گئے۔شازہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ قرضہ پہلے درجے میں 0.5 ملین، دوسرے درجے میں 0.5 سے 1.5 ملین اور تیسرے درجے میں 1.5 ملین سے 7.5 ملین روپے دئے جاتے ہیں۔اس موقع پر لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلباء کو سندھ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ قرضے اور لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، سندھ کے وزرا شرجیل انعام میمن، ناصر شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، مختلف بینکوں کے صدور نے بھی شرکت کی۔