اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):پرائم منسٹر یوتھ پروگرام (کل )بدھ کو ایک انقلابی ڈیجیٹل یوتھ ہب کا آغاز کرے گا، یہ ایک اہم اقدام ہے جس کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے۔یہ اہم اقدام نوجوان پاکستانیوں کو ملک گیر اور عالمی سطح پر کیریئر کے وسیع مواقع، سکالرشپس، انٹرن شپس اور روزگار کے امکانات سے جوڑے گا ۔وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ایک عہدیدار کے مطابق یوتھ ہب پورٹل اپنے پہلے ہی سال میں 10 سے 15 ملین نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر سہولت فراہم کرے گا۔
یہ پورٹل نوجوانوں کو آجروں کے ساتھ بشمول سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے ساتھ ساتھ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، جاپان، جنوبی کوریا، کینیڈا اور امریکہ جیسے ممالک میں بین الاقوامی مواقع سےمنسلک کرنے میں مدد کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب نوجوان پاکستانیوں کو بلیو کالر، وائٹ کالر اور گرے کالر پروفیشنز کے تمام سپیکٹرم میں دستیاب ملازمتوں کے مواقع تک بغیر کسی رکاوٹ کے رسائی فراہم کر کے ملک کی جاب مارکیٹ میں انقلاب برپا کر دے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بشمول، ماہر کیرئیر کاؤنسلنگ، جامع روزگار کی سماعت اور خصوصی تربیتی پروگرام خدمات کا ایک جامع مجموعہ پیش کرے گا، ملازمت کے متلاشیوں اور آجروں کے درمیان فرق کو ختم کرتے ہوئے یہ ڈیجیٹل ہب ملک کے نوجوانوں کو بااختیار بنائے گا، معاشی ترقی کو فروغ دے گا اور پاکستان کی مستقبل کی خوشحالی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب نوجوان پاکستانیوں کو ان کی مہارتوں کے مطابق ملازمت کے مواقع سے جوڑنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576196