اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):پرائیویٹ ایجوکیشنل سوسائٹی، چیمبر آف ایجوکیشن اسلام آباد فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے تعاون سے 23 جنوری بروز جمعرات کو اساتذہ کے ایک جامع تربیتی پروگرام کا اہتمام کرے گا، جس میں 200 سے زائد اساتذہ شرکت کریں گے۔
تربیتی سیشن صبح 9 بجے شروع ہوگا ، جس میں فزکس، کیمسٹری، بیالوجی اور ریاضی کے مضامین کے لئے تدریسی طریقہ کار اور تشخیصی تکنیک کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ بحث کے کلیدی شعبوں میں نصاب کا جائزہ اور منصوبہ بندی، موثر امتحانات حل کرنے ، مارکنگ کی حکمت عملی اور پروجیکٹ پر مبنی تعلیم شامل ہوں گے۔
چیئرمین ایف بی آئی ایس ای ڈاکٹر اکرم علی ملک تربیت کے اختتام کے دوران شرکاء سے خطاب کریں گے اور ان کے سوالات کے جوابات دیں گے جبکہ آخر میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب بھی منعقد ہوگی ،جس میں چیئرپرسن پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز ریگولرلیٹری اتھارٹی شریک اساتذہ کو سرٹیفکیٹس تقسیم کریں گی۔
حافظ محمد بشارت نےکہا کہ اس ٹریننگ کا مقصد اساتذہ کو جدید تدریسی ٹولز اور تکنیکوں سے آراستہ کرنا ، طلبہ کے نتائج اور تعلیمی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔