اسلام آباد ۔ 9 اپریل (اے پی پی) سیاحت منافع بخش شعبہ ہے، پرائیویٹ سیکٹر اس میں سرمایہ کاری کرکے اپنے کاروبار کو ترقی دے سکتا ہے۔ یہ بات وزیراعظم کے معاون خصوصی و چیئرمین نیشنل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ ذوالفقار بخاری نے بورڈ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئی کہی۔ انہوں نے سیاحت کے فروغ کےلئے ٹریول ایجنسیز، بزنس مینوں، پرائیویٹ کمپنیز اور اوورسیز پاکستانیوں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیاحتی مقامات پر ہوٹلز کی تعمیر میں سرمایہ کاری کریں۔بورڈ میٹنگ سے خطاب میں انہوں نے سیاحت کے فروغ کےلئے وفاق اور صوبوں میں مو¿ثر رابطہ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ٹورازم بورڈ میں صوبائی وزراءسیاحت، اداروں اور ممبران نیشنل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ نے شرکت کی۔ بورڈ سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار بخاری نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر ہوٹل انڈسٹری میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے، اگلے مرحلہ میں ان کی سرمایہ کاری کو سیاحتی ریزارٹس کی تعمیر کی جانب لے جانا ہے۔ بورڈ نے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کیلئے انٹر پراونشل کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ممبران نے ملک میں سیاحتی مقامات کی انٹرنیشنل ٹریول ٹریڈ شو میں پبلسٹی کے آئیڈیا کو بھی سراہا۔ ذوالفقار بخاری نے صوبائی حکام کو سیاحتی مقامات کی ڈاکومنٹریز بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ انہیں بین الاقوامی سطح پر دکھا کر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کیا جا سکے جس سے غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔