فیصل آباد۔ 05 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری نے کہا کہ موجودہ موسمی حالات اور مون سون کی بارشوں کے پیش نظر پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے منتظمین انسدادڈینگی کے اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اس ضمن میں حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے طے شدہ ایس او پیز کی پابندی کریں تاکہ کسی بھی جگہ ڈینگی لارواکی افزائش کا مسئلہ سرنہ اٹھا سکے۔ انہوں نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے نمائندہ افرادسے ملاقات کے دوران کہا کہ موجودہ موسم میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے خطرات موجود ہیں جن سے نپٹنے کیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے تمام ترانتظامی مشینری متحرک ہے لہٰذااس سلسلہ میں محکمہ صحت کی انسداد مہم میں بھرپور تعاون کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ منتظمین کو چاہیے کہ وہ اپنی اپنی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ڈینگی کے خلاف اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے منظم مانیٹرنگ سسٹم وضع کریں اور باقاعدگی سے انسپکشن کرکے ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا مکمل صفایا کیا جائے نیز اس سلسلے میں پانی کی ٹینکیوں،پارکس،گرین بیلٹس،پودوں کے گملوں،کیاریوں،گھروں کی چھتوں اور دیگر مقامات پر گہری نظر رکھیں اور کسی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں جبکہ سوسائٹی کے مکینوں میں انسداد ڈینگی سے متعلق شدید احساس کو اجاگر کیا جائے تاکہ وہ اپنے گھروں اور ارد گرد کے ماحول میں صفائی کا خیال رکھیں اور چھتوں پر کاٹھ کباڑ کو جمع نہ ہونے دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون سے ہی ڈینگی کے خلاف مہم کو کامیاب بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے لہٰذا اس ضمن میں لاپرواہی نہیں ہونی چاہیے۔