پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت اور شہری کا حق ہے ، تشد د اور انتشار کا عنصر پایا گیا تو ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، طارق فضل چوہدری

71

اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے قومی اسمبلی میں چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت اور شہری کا حق ہے لیکن اس میں قانون کے دائرہ میں رہ کر احتجاج کا حق دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف اور اس کی صوبائی حکومت کے وزیراعلیٰ کے بیانات کے مطابق تشد د اور انتشار کا عنصر پایا گیا تو ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

جمعہ کو پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف کے 24 نومبر کے احتجاج کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے بیانات میں تشدد اور انتشار کا عنصر واضح ہے ،اگر وہ تشدد اور انتشار کی طرف گئے تو اسلام آباد کے شہریوں کی نقل وحمل کو بحال رکھنے کے لئے ہرممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اس سے قبل بھی انہوں نے کال دی اور اب بھی امید ہے کہ لوگ ان کی کال کی طرف دھیان نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری گزارش ہے کہ اسلام آباد میں غیرملکی سفارتکار یہاں قیام پذیر ہیں،ان کے دفاتر ہیں،ان کی حفاظت کرنا پاکستان کی عزت کی حفاظت ہے،ریڈ زون کی حفاظت ترنول،روات اور بہارہ کہو سے روک کر کرنی پڑتی ہے۔