پرتگال کو اپ سیٹ شکست،مراکش نے فیفاورلڈکپ سیمی فائنل میں جگہ بنا کر نئی تاریخ رقم کر دی

228
پرتگال کو اپ سیٹ شکست،مراکش نے فیفاورلڈکپ سیمی فائنل میں جگہ بنا کر نئی تاریخ رقم کر دی

دوحہ۔10دسمبر (اے پی پی):مراکش نے پرتگال کوسخت مقابلے کے بعد 1-0گول سے اپ سیٹ شکست دے کر فیفا ورلڈکپ سیمی فائنل میں جگہ بنا کر نئی تاریخ رقم کر دی،مراکش ورلڈکپ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والا پہلا افریقی ملک بن گیا ہے، مراکش کی جانب سے یوسف النصیری نے گول کر کے ٹیم کو تاریخی فتح دلوائی۔

ہفتہ کو دوحہ،قطر میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں مراکش نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل فیورٹ پرتگال کو دلچسپ اور سخت مقابلے کے بعد 1-0گول سے زیر کر کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، میچ کے پہلے ہاف کے 42ویں منٹ میں مراکش کے یوسف النصیری نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی،

دوسرے ہاف میں پرتگال کی ٹیم مکمل طور پر حاوی رہی اور اس نے میچ برابر کرنے کیلئے حریف ٹیم کے گول پوسٹ پر کئی حملے کئے لیکن مراکش کے مضبوط دفاع نے اس کے تمام حربوں کو ناکام بنادیا، اسطرح مراکش نے پرتگال کو شکست دے کر پہلی مرتبہ فیفاورلڈکپ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ واضح رہے کہ مراکش نے پری کوارٹر فائنل میں سابق عالمی چیمپئن اسپین کواپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا تھا۔