ویلز کے ہیڈ کوچ کریگ بیلامی نےیوئیفانیشنز لیگ کے ایک میچ میں سخت مقابلے کے بعد پرتگال کے ہاتھوں 0-1 کی شکست کے باوجود اپنی ٹیم کی کارکردگی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کو آئندہ مزید بہتر کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے۔
پرتگال کے خلاف میچ میں شکست کے بعد بیلامی ویلز کی ٹیم کی کارکردگی میں مزید بہتری کے خواہاں

مزید خبریں
لندن۔25ستمبر (اے پی پی):ویلز کے ہیڈ کوچ کریگ بیلامی نےیوئیفانیشنز لیگ کے ایک میچ میں سخت مقابلے کے بعد پرتگال کے ہاتھوں 0-1 کی شکست کے باوجود اپنی ٹیم کی کارکردگی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کو آئندہ مزید بہتر کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے۔
بی بی سی کے مطابق پرتگال کی ٹیم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد ویلز کو 0-1 گول سے شکست دی ، تاہم ہیڈ کوچ کریگ بیلامی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ٹیم سے مزید بہترین کارکردگی چاہتے ہیں۔ لزبن میں کھیلے گئےیوئیفانیشنز لیگ گروپ ون کے اس میچ میں جواؤ فیلکس کا گراؤنڈ سے ٹکرا کر جاتا ہوا گول پرتگال کی فتح کے لیے کافی ثابت ہوا، جبکہ کرسٹیانو رونالڈو کا ایک گول وی اے آر نے رد کر دیا۔
یہ فتح پرتگال کے نئے مینیجر جارج جیسس کے لیے یوئیفا نیشنز لیگ کے دفاع کا ایک شاندار آغاز ہے۔میچ کے بیشتر حصے میں دباؤ میں رہنے کے باوجود، مصدوم کھلاڑیوں کی کمی کا شکار ویلز نے آخری لمحوں میں زبردست مزاحمت کی جہاں برینن جانسن اور لیوس کوماس ڈرا کرنے کے بالکل قریب پہنچ گئے تھے۔
کوچ بیلامی نے تسلیم کیا کہ یہ ایک مشکل میچ تھا اور گیند پر کنٹرول کے بغیر اتنا طویل وقت انہوں نے پہلے کبھی نہیں گزارا تھا۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر نہ کھیلنے والے کھلاڑیوں نے جس جذبے اور توانائی کا مظاہرہ کیا، اس پر انہیں بے حد فخر ہے۔ویلز کو اتوار کو کوپن ہیگن میں ڈنمارک کے خلاف اپنے دوسرے میچ کا سامنا کرنا ہے، جبکہ ٹیم میں ہیری ولسن، جو روڈن اور کارل ڈارلو جیسے اہم کھلاڑی سائیڈ لائن ہیں۔
بیلامی کو یقین ہے کہ ان کا سکواڈ اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دوسری جانب، 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بیلامی نے کہا کہ وہ آل ٹائم عظیم کھلاڑی ہیں اور ایک اتنی مہنگی ٹیم کے سامنے بھی ویلز کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند رہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومبر میں کارڈف میں ہونے والے ریٹرن میچ میں انہیں ایک بار پھر رونالڈو کی ٹیم کا مقابلہ کرنے کا موقع ملے گا۔








