اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ پروفیسر وارث میر جبر کے سامنے کلمہ حق کہنے والے محب وطن شخص تھے ۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے اتوارکوجاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ممتاز صحافی، استاد اور دانشور پروفیسر وارث میر کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ جبر کے سامنے کلمہ حق کہنے والے محب وطن شخص تھے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پروفیسر وارث میر سچ لکھنے والے قلم اور حق گوئی کے وارث تھے، ان کی حق گوئی کی روایت ان کے بہادر بیٹے آگے بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وہ اس قافلے کا حصہ تھے جس نے اصولوں پر سمجھوتہ کیا نہ ہی سچ بولنے میں کسی مصلحت کا شکار ہوئے۔ وزیراعظم نے کہاکہ وارث میر اپنے ضمیر اور تاریخ کی عدالت میں سرخرو ہوئے اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے، ان کے اہل خانہ اور وابستگان کو صبر دے۔