لاہور۔7جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پروٹیکٹیڈ صارفین کی اووربلنگ سے متعلق بڑھتی ہوئی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کو احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق محسن نقوی نے پروٹیکٹیڈصارفین کو اووربلنگ کرنے میں ملوث متعلقہ افسروں اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا فوری ازالہ کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ پروٹیکٹیڈ صارفین کو جان بوجھ کر نان پروٹیکٹیڈ کیٹگری میں شامل کرنا مجرمانہ فعل ہے، جس کی قطعا ًاجازت نہیں دی جا سکتی۔ محسن نقوی نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے تمام صورتحال کا جائزہ لے اور حقائق کی روشنی میں بلا امتیاز ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوور بلنگ سے پروٹیکٹڈ کیٹگری تبدیل ہونے سے صارفین پر کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے، پروٹیکٹیڈ صارفین پہلے ہی مشکلات کا شکار اور اووربلنگ سے ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پروٹیکٹیڈ صارفین کی جانب سے اووربلنگ کی شکایات اور ناانصافی کا فی الفور ازالہ کیا جائے ۔