اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ایک ذمہ دار نگراں حکومت ہونے کے ناطے ہمارا فرض ہے کہ ہم عدلیہ اور قانون کا احترام کریں، پرویز الٰہی کی گرفتاری کا معاملہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدلیہ کے درمیان ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے ملکی قوانین کے تحت کام کرتے ہیں، اگر کہیں قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو ملک میں عدلیہ بھی آزاد ہے اور میڈیا بھی۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں ہر ایک کو اظہار رائے اور تنقید کا حق ہے، ہم کسی سے ان کا یہ حق چھین نہیں سکتے لیکن ہمارا بھی حق ہے کہ جس چیز کو درست سمجھیں وہ بلا خوف و خطر سامنے رکھیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں، اس بارے تفصیلات فیصلوں کی شکل میں سامنے آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ آئین، قانون اور ہماری محدود مدت ہمیں فیصلے کرنے کی اجازت دیتے ہیں، آئین اور قانون کی روشنی میں ملک کے بہتر مفاد میں فیصلے کریں گے اور ان پر ڈٹ کر کھڑے رہیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بی بی سی پر میری گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، میری ان سے بات چل رہی ہے، میں یہ مناسب سمجھتا ہوں کہ وہ اس کی وضاحت خود کریں۔
انتخابات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ بندیوں کا عمل تیز کر دیا ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کی جو تاریخ دے گا اس پر انتخابات کے انعقاد میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔