لاہور۔4جنوری (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹریبونل نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہی اور ان کے بیٹے مونس الہی سمیت خاندان کے دیگر ارکان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کر دیئے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سماعت کی ۔اپیلٹ ٹریبونل نے ریٹرنگ افسر کو ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔اپیل میں بتایا گیا کہ پرویز الہی اور مونس الہی این اے،69,64 اورپی پی 32 ،34 گجرات میں امیدوار ہیں،لیکن دس مرلہ پلاٹ ظاہر نہ کرنے پر ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے۔
کاغذات نامزدگی سیاسی بنیادوں پر مسترد کئے گئے۔ایف بی آر گوشواروں میں تمام جائیدادیں ظاہر کی ہیں۔اپیل میں استدعا کی گئی کہ کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔