اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):سینٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ سابق وفاقی وزیر پرویز رشید اور مریم نواز کی آڈیو سے ان کا چہرہ بے نقاب ہوگیا کہ وہ میڈیا پر کس طرح اثر انداز ہوتے ہیں، یہ خود بکائو مال ہیں اور دوسروں کو بھی ایسا ہی سمجھتے ہیں۔
منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس آڈیو میں سینئر صحافیوں حسن نثار، ارشاد بھٹی، حفیظ نیازی ، مظہر عباس اور موجودہ جج بابر ستار کا نام لیا گیا، ان صحافیوں کو گالیاں دی گئی تھیں۔ آزادی صحافت کی بات کرنے والوں کی یہ ذہنیت ہے، اس وقت کے وزیراعظم کی صاحبزادی کس حیثیت میں یہ احکامات دے رہی تھی۔
ان کی میڈیا مینجمنٹ بیانیہ اور دلائل پر نہیں لفافہ پر ہے، یہ خود بکائو مال ہیں اور دوسروں کو بھی ایسا ہی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں نے اظہار رائے کی آزادی پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کیا اور سچ کے علم کو بلند رکھا۔
مریم نواز نے کیلبری فونٹ سے شہرت پائی پھر قطری خط اور اب آڈیو پر بات پہنچی ہے، قوم ان کو پہچانیں۔ قوم ان کے ملک پر ظلم کو نہیں بھولے گی۔ محترمہ بے نظیر بھٹو سمیت دیگر شخصیات کی کردار کشی عوام نہیں بھولے گی۔ یہ اپنے کئے پر معافی مانگیں۔