پریذیڈنٹ ٹرافی، اسٹیٹ بینک نے پی ٹی وی کے خلاف چار روزہ میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 414 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی

117

راولپنڈی۔15جنوری (اے پی پی):پریذیڈنٹ ٹرافی، اسٹیٹ بینک نے پی ٹی وی کے خلاف چار روزہ میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 414 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی، کپتان عمر امین نے 34 ویں فرسٹ کلاس سنچری مکمل کی اور 101 رنز بنائے ، فواد عالم 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے 15 ہزار رنز بھی مکمل کر لیے ، عمران بٹ نے 78 رنز اسکور کیے، پی ٹی وی کے مہران سانول نے 5 وکٹیں حاصل کیں ، اسٹیٹ بینک نے پہلی اننگز میں 321 رنز کی برتری حاصل کی ، پی ٹی وی نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 52 رنز بنا لیے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 270 رنز درکار ہیں، شامل حسین 19 اور سلمان خان جونیئر 29 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ،

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ایس این جی پی ایل کی ٹیم او جی ڈی سی ایل کے 197 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 198 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، شاہ زیب خان 76 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے ، مشتاق کلہوڑو اور عامر یامین نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، او جی ڈی سی ایل نے کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 91 رنز بنا لیے ، کپتان عادل امین 18 اور مشتاق احمد صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں ، این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ہائر ایجوکیشن نے کے آر ایل کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنا لیے اور اسے 162 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی ہے ،

عبید شاہد 64 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، اس سے قبل کے آر ایل کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 183 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، مرزا سعد بیگ 66 اور نصیر اللہ 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، محمد عزب نے 5 وکٹیں حاصل کیں ، ایچ پی سی اوول گراؤنڈ میں ایشال ایسوسی ایٹس کی ٹیم غنی گلاس کے 379 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 293 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی،

عمر صدیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 19 چوکوں کی مدد سے 127 رنز بنائے ، یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی 16ویں سنچری ہے ، اذان اویس 46 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے ، آفاق آفریدی ، رمیز جونیئر اور میر حمزہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں ، غنی گلاس نے کھیل ختم ہونے پر اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 5 رنز بنائے تھے، اس کی مجموعی برتری 91 رنز کی ہو چکی ہے۔