کراچی۔ 23 دسمبر (اے پی پی):پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈکے میچوں کے دوسرے دن عابدعلی، افتخار احمد، محمد سعد اور عمیر بن یوسف نے سنچریاں اسکور کیں۔ عابدعلی نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے 10 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں واپڈا نے اپنی پہلی اننگز میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اسکور327رنز 7کھلاڑی آئوٹ کے جواب میں 80اوورز میں391رنز بنائے اور اس کے 4کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔واپڈا کی اننگز کی خاص بات افتخار احمد اور محمد سعد کی سنچریاں تھیں۔ افتخار احمد نے 124گیندوں پر 12چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 123رنز بنائے۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں افتخار احمد کی دوسری سنچری ہے۔محمد سعد نے 5 چوکوں کی مدد سے 102رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔ عمر اکمل نے 12 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 87 رنز کی اننگز کھیلی۔افتخار احمد اور محمد سعد نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 153رنز کا اضافہ کیا۔ دوسرے دن کھیل ختم ہونے پر ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اپنی دوسری اننگز میں 2وکٹوں پر111 رنز بنائے تھے۔
پہلی اننگز کے سنچری میکر اویس ظفر 52رنز پر ناٹ آئوٹ تھے۔محسن خان 54رنز پر کریز پر موجود تھے۔ یہ دونوں تیسری وکٹ کی شراکت میں 108رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں کے آر ایل نے غنی گلاس کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 8وکٹوں پر320رنز بنائے تھے۔
معاذ احمد صداقت 84رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ علی زریاب نے 65 اور سرمد بھٹی نے 54رنز اسکور کیے۔نیاز خان نے 107رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں۔ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں ایس این جی پی ایل نے پی ٹی وی کے خلاف پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 424رنز بنائے۔عابدعلی نے 14چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 121 رنز اسکور کیے۔
یہ ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں 28ویں سنچری ہے اس کے علاوہ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے 10ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔عمیر یوسف نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 11 چوکوں کی مدد سے 120رنز اسکور کیے۔ حسیب اللہ نے76رنز کی اننگز کھیلی۔عادل ناز نے 83رنز دے کر3وکٹیں حاصل کیں۔پی ٹی وی نے کھیل ختم ہونے پر اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے66رنز بنائے تھے۔