راولپنڈی۔9فروری (اے پی پی):پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ میں ہائر ایجوکیشن نے دفاعی چیمپئن ایس این جی پی ایل کو 160 رنز سے ہرا دیا ۔ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ کے تیسرے روز ہائر ایجوکیشن کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 292 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
محمد محسن نے 105 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ محمد سلمان نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ ایس این جی پی ایل کو جیت کے لیے 359 رنز کا ہدف ملا لیکن پوری ٹیم 198 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ حسیب اللہ خان 52 اور سیف اللہ بنگش 49 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔
وسیم اکرم جونیئر نے 4 وکٹیں حاصل کیں ۔ راشد لطیف اکیڈمی گراؤنڈ میں پی ٹی وی کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 112 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ شامل حسین 47 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ نقیب اللہ نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ واپڈا کو پی ٹی وی کے خلاف جیتنے کے لیے 354 رنز کا ہدف ملا ۔ کھیل ختم ہونے پر اس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنا لیے۔ محمد عارف نے شاندار سنچری سکور کی اور وہ 101 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ۔
کے سی سی اے اسٹیڈیم میں کے آر ایل کی ٹیم غنی گلاس کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 499 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ روحیل نذیر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 134رنز بنائے ۔ شاہد عزیز 85 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے ۔ رمیز جونیئر نے 5 وکٹیں حاصل کیں ۔ غنی گلاس نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 127 رنز بنا لئے ۔ محسن ریاض 66 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ایشال ایسوسی ایٹس کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 275 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے 140 رنز خسارے کا سامنا کرنا پڑا ۔ اذان اویس 57 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ محمد اسمعیل نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اسٹیٹ بینک نے اپنی دوسری اننگز 221 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے ایشال ایسوسی ایٹس کو جیت کے لیے 362 رنز کا ہدف دیا۔ علی شان نے 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ ایشال ایسوسی ایٹس نے کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 20 رنز بنا لیے ۔