ہری پور۔ 01 جولائی (اے پی پی):پریزن سٹاف اکیڈمی ہری پور میں بنیادی کورس مکمل کرنے والے وارڈرز کی پاسنگ آؤٹ تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف جیل خانہ جات خیبر پختونخوا حامد الرحمان تھے۔ تقریب میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات ہزارہ ڈویژن محمد نعیم خان،ڈپٹی کمانڈنٹ اکیڈمی عثمان جاوید سمیت محکمہ جیل خانہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ پریزن سٹاف اکیڈمی امین شعیب نے کورس کے بنیادی خدو خال اور مستقبل میں اُس کی ضرورت و چیلنجز کے حوالے سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی اے آئی جی نے تربیت مکمل کرنے والے شرکاسے اپنے خطاب میں کہا کہ اب آپ پر پہلے سے زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آپ حاصل کردہ تربیت کو مستقبل میں اپنی سروس کے دوران بروئے کار لائیں اور ثابت کریں کہ جیل پولیس کے ملازمین ایک پروفیشنل فورس ہیں،پریزن سٹاف اکیڈمی روز بروز بہتری کی طرف گامزن ہے۔ پاسنگ آؤٹ کے موقع پر کورس مکمل کرنے والے شرکا نے ڈرل،مارشل آرٹ،پی ٹی،حفاظت خود اختیاری سمیت دیگر سرگرمیوں کا مظاہرہ کیا۔
مہمان خصوصی نے پاس آؤٹ ہونے والے 100وارڈرز میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے۔ بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی جیل خانہ جات خیبر پختونخوا کی سربراہی میں پزیزن سٹاف اکیڈمی کے حوالے سے اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں کمانڈنٹ اکیڈمی امین شعیب نے مسائل اور ضروریات کے حوالے سے بریفننگ دی، جس پر اے آئی جی نے مسائل حل کرنے اور اکیڈمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔