اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):پریسٹن یونیورسٹی اسلام آباد میں ایم نیکسز اے آئی کے مصنوعی ذہانت پر مبنی کیریئر ڈیولپمنٹ پلیٹ فارم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد طلبا اور پیشہ ور افراد کو جدید ترین کیریئر سپورٹ فراہم کرنا ہے۔ پریسٹن یونیورسٹی کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ پلیٹ فارم محمد اسماعیل نے تیار کیا ہے جو AimNovo کے بانی ، سی ای او ہیں اور قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ الیکٹرانکس کے سابق طالب علم بھی ہیں۔ویب ایپلی کیشن کی تعارفی تقریب کے دوران محمد اسماعیل نے اس کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ ایم نیکسز اے آئی ایک ذہین اور مکمل حل ہے جو طلبا اور ابتدائی کیریئر کے حامل افراد کو ملازمت کے لیے تیار ہونے اور اپنے کیریئر کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔اس موقع پر صدر پریسٹن یونیورسٹی،ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان ڈاکٹر عبدالباسط اور محمد مرتضیٰ نور قومی کوآرڈینیٹر انٹر یونیورسٹی کنسورشیم برائے فروغِ سوشل سائنسز اور بانی انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کنونشن نے اس اقدام کو سراہا۔ انہوں نے اس پلیٹ فارم کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کیریئر سے متعلقہ وسائل تک مساوی رسائی کو ممکن بنائے گا ۔
انہوں نے اس حوالے سے ملک بھر میں آگاہی سیشنز کے انعقاد کے لیے تعاون کا وعدہ کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبا اس مفت سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ واضح رہے کہ ایم نیکسز اے آئی ایک کیریئر گائیڈ ہے جو مصنوعی ذہانت کے ذریعے صارفین کو ان کے پیشہ ورانہ سفر کے ہر مرحلے پر سپورٹ فراہم کرتا ہے۔پلیٹ فارم کا ’’سمارٹ ریزیومے بلڈر پرو‘‘ فیچر مصنوعی ذہانت کی مدد سے سی وی کی تیاری اور اس کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے جس میں الفاظ کی بہتر ترتیب اور مؤثر انداز میں پیشکش کے مشورے بھی شامل ہوتے ہیں تاکہ ملازمت اور انٹرنشپ کے لیے کامیابی کے امکانات بڑھ سکیں۔
صارفین "مصنوعی ذہانت پر مبنی انٹرویو کوچ” کے ذریعے لامحدود پریکٹس سیشنز کے ذریعے انٹرویو کی تیاری کر سکتے ہیں جو جوابات پر فیڈبیک دیتا ہے اور یہاں تک کہ جسمانی زبان کا تجزیہ بھی کرتا ہے تاکہ حقیقی انٹرویوز کے لیے بھرپور تیاری ہو سکے۔ یہ پلیٹ فارم اب ملک بھر کے طلبا اور پیشہ ور افراد کے لیے دستیاب ہے۔ تقریب کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے آگاہی مہمات کو فروغ دیا جائے گا تاک ایم نیکسز اے آئی پاکستان بھر کے ہزاروں نوجوانوں کے لیے ایک مؤثر کیریئر کیٹالسٹ ثابت ہو۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603935